واہ کینٹ پاکستان کے معروف پروگرام “بنو قابل” کی سافٹ لانچنگ تقریب پی او ایف گیسٹ ہاؤس میں منعقد ہوئی

0

ڈسٹرکٹ رپورٹر راولپنڈی ڈاکٹر سید صابر علی کی رپورٹ کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے معروف پروگرام “بنو قابل” کی واہ کینٹ برانچ کی سافٹ لانچنگ تقریب پی او ایف (POF) گیسٹ ہاؤس واہ کینٹ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں معزز مہمانوں، سماجی شخصیات، تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتیں مفت فراہم کرنا اور انہیں روزگار کے مواقع سے ہمکنار کرنا ہے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا قومی ترقی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام واہ کینٹ اور راولپنڈی کے نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کرے گا۔ڈائریکٹر بنو قابل ضلع راولپنڈی عثمان آکاش نے شرکاء کو پروگرام کے مقاصد، کورسز اور فوائد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائن اور فری لانسنگ جیسے جدید ہنر مفت سکھائے جائیں گے، جو ہزاروں نوجوانوں کو مالی طور پر مستحکم بنانے میں مددگار ہوں گے۔یاد رہے کہ “بنو قابل پروگرام” 2022 میں کراچی سے شروع ہوا تھا اور اب تک ملک بھر میں ہزاروں نوجوانوں کو فائدہ پہنچا چکا ہے۔ واہ کینٹ میں اس کی سافٹ لانچنگ اس پروگرام کی راولپنڈی ریجن میں توسیع کی علامت ہے۔ تقریب کا اختتام دعاؤں اور شکریہ کے کلمات کے ساتھ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں