پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل ر چندرا وارسی نانتو سکوتجو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے

0

پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندرا وارسی نانتو سکوتجو (Chandra Warsenanto Sukotjo) ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس لاہور پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پنجاب پولیس کی جانب سے جاری اصلاحاتی اقدامات اور سکیورٹی کے جدید نظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں پنجاب پولیس اور انڈونیشیا کے مابین سکیورٹی و ٹریننگ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو بتایا کہ پنجاب پولیس نے ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے کرائم کنٹرول اور عوامی خدمت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ اس موقع پر وفد کو سی ٹی ڈی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، سیف سٹیز اتھارٹی، ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشنز، چائلڈ پروٹیکشن سنٹر، خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، تحفظ درسگاہ اور فوسٹر ہوم جیسے منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔انڈونیشین سفیر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کے جرات مندانہ کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی پولیس فورس نے جس بہادری اور قربانی کے جذبے سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا ہے، وہ دنیا بھر کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سکیورٹی اور تربیتی شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں