آزاد کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین نے محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے زیر اہتمام سرویکل کینسر سے بچاؤ کی 12روزہ قومی ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا۔HPVویکسین 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی
![]()
اس سلسلہ میں محکمہ صحت عامہ میرپورکے زیر اہتمام سیمینار منعقد ہوا جس میں محکمہ صحت عامہ،محکمہ تعلیم شعبہ خواتین،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان،کونسلرز، انجمن تاجراں،میڈیا نمائندگان،سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کی۔سیمینار کے مہمان خصوصی آزاد کشمیر کے وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین تھے جبکہ سمینار کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ نے کی۔سیمینار سے پرنسپل محترمہ بینظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر، ایم ایس ڈاکٹر عامر عزیز،ضلع مفتی مولانا عبد الغفار سلفی، ماہر امراض اطفال پروفیسر ڈاکٹر صبا ء حیدر تارڑ،ماہر امراض خواتین پروفیسر ڈاکٹر شازیہ اشفاق، پرنسپل بینش زمان، انجمن تاجراں کے چیف آرگنائزر راجہ خالد محمود خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرویلنس محمد ریاض چوہدری نے خطاب کیا ہے جبکہ سیمینار میں ایم ایس نیو سٹی ہسپتال ڈاکٹر غضنفر شہزاد، پرنسپل سی ایم ٹی ڈاکٹر عبد الروف نشتر، ایڈیشنل ڈی ایچ او سی ڈی سی ڈاکٹرشمائلہ کرن،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک سمیت محکمہ صحت عامہ اور تعلیم سے وابستہ خواتین، عوامی نمائندگان،سول سوسائٹی اور دیگر اداروں کے متعلقین نے شرکت کی۔سیمینار میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کے حوالے سے ماہرین نے تفصیلی اظہار خیال کیا اور اس بیماری سے بچاؤ کے حوالے سے عوام الناس میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ محکمہ صحت عامہ کے ذمہ داران نے بتایا کہ سرویکل کینسر خواتین کی بچہ دانی کا کینسر ہے اس وائرس کے پھیلنے سے جواں خواتین ماں بننے سے محروم رہ جاتی ہیں انہوں نے بتایا کہ ترقی یافتہ ممالک میں یہ ویکسین بھاری معاوضہ دے کر لگائی جاتی ہے اس وقت 148 ممالک میں اس کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔ڈبلیو ایچ او کی طرف سے آزاد کشمیر اور پاکستان کو مفت HPV ویکسین مہیا کی گئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قومی مہم کو سو فیصد کامیاب بنایا جائے تاکہ آنے والے وقت میں ہم اپنی بچیوں کو اس خاموش کینسر سے بچایا جاسکے۔
محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے زیر اہتمام سرویکل کینسر سے بچاؤ کی 12روزہ قومی ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیاگیا
0





